پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ سری لنکن ٹیم کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے، سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ہمارے اسٹيٹ گیسٹ ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے سری لنکا کے ہائی کمشنر فریڈ سری ویراتنے سے ملاقات کی۔
ملاقات میں سری لنکا اور پاکستان کرکٹ ٹیمز کے مینجرز، سی او او، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس شریک ہوئے۔
چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد نے سری لنکا ٹیم کو سیکیورٹی پر بریفنگ دی۔
سری لنکن ہائی کمشنر نے اسلام آباد میں دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مہمان کھلاڑیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
سری لنکا کے ہائی کمشنر کی جانب سے ٹیم کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات پر اظہارِ اطمینان کیا گیا ہے۔