• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی 15 سالہ لڑکی نے زہریلی دوا پی کر خودکشی کرلی

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

بھارتی ریاست مغربی بنگال میں جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی15 سالہ لڑکی نے زہریلی دوا پی کر خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مغربی بنگال کے ضلع مغربی مدنی پور کے علاقے کشیاری میں 15 سالہ لڑکی کے ساتھ چند ماہ قبل مبینہ طور پر جنسی زیادتی کی گئی تھی، وہ گزشتہ روز زندگی کی بازی ہار گئی، متاثرہ لڑکی نے 18 دن قبل سماجی بدنامی اور خوف کے باعث زہر پی لیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم پہلے ہی گرفتار ہو کر عدالتی تحویل میں ہے، جبکہ متاثرہ کے اہلِ خانہ نے ملزم کو خودکشی پر اُکسانے کے الزام میں سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

متاثرہ لڑکی ایک فیکٹری میں کام کرتی تھی جو ملزم کی ملکیت تھی۔ وہ اکثر اس کے ساتھ موٹر سائیکل پر کام پر جاتی تھی اور اسے "انکل" کہہ کر بلاتی تھی، اگست کے آخر میں ملزم نے فیکٹری لے جانے کے بہانے اسے قریبی جنگل میں زیادتی کا نشانہ بنایا اور دھمکی دی کہ اگر اس نے کسی کو بتایا تو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

پہلے تو لڑکی نے خوف اور شرمندگی کے باعث واقعہ چھپائے رکھا، مگر 9 ستمبر کو اس نے اپنی فیملی کو ساری حقیقت بتا دی۔ اسی روز اہلِ خانہ نے پولیس میں تحریری شکایت درج کروائی، جس کے بعد اگلے دن ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا اور اسے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔

تاہم 24 اکتوبر کو متاثرہ نے گھر میں رکھی ہوئی کیڑے مار دوا پی کر خودکشی کی کوشش کی۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں حالت تشویشناک ہونے پر اسے ضلعی اسپتال لے جایا گیا۔ وہاں وہ 18 دن تک زیرِ علاج رہنے کے بعد منگل کی شام چل بسی۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ لڑکی کو مقامی لوگوں یا ملزم کے گھر والوں کی جانب سے طعنوں کا سامنا تھا، جس کے باعث وہ ذہنی دباؤ میں آ گئی اور اس نے اپنی جان لے لی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید