حال ہی میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے پرتگالی اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو بین الاقوامی کیریئر میں پہلی بار ریڈ کارڈ دکھایا گیا۔
یہ ریڈ کارڈ پرتگال اور آئرلینڈ کے درمیان گزشتہ روز ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کو دکھایا گیا، جس کے بعد انہیں سخت سزا کا سامنا ہے۔
40 سالہ رونالڈو کو ڈبلن میں میچ کے دوران 61ویں منٹ میں اُس وقت میدان سے باہر بھیج دیا گیا جب انہوں نے آف دی بال ایکشن میں آئرش ڈیفینڈر ڈارا اوشی کو کہنی ماری۔
ابتدئی طور پر گراؤنڈ میں موجود ریفری گلین نیبرگ نے انہیں پیلا کارڈ دکھایا، لیکن ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (وی اے آر) نے آن فیلڈ ریویو کا مشورہ دیا، جس کے بعد رونالڈو کو ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا۔
رونالڈو کو میچ کے دوران اس وقت ریڈ کارڈ دکھایا گیا جب پرتگال پہلے ہی ٹرائے پیریٹ کے دوسرے ہاف میں 0-2 گول سے پیچھے تھا۔
واضح رہے کہ یہ رونالڈو کے ریکارڈ ساز بین الاقوامی کیریئر کے دوران پہلا ریڈ کارڈ ہے، وہ اب تک اپنے ملک کی جانب سے 226 میچوں میں 143 گول کرچکے ہیں۔ البتہ کلب کی سطح پر انہیں 13 مرتبہ ریڈ کارڈ مل چکا ہے۔
فیفا قوانین کے مطابق پُرتشدد رویے پر کم از کم 3 میچوں کی پابندی بھی لگ سکتی ہے، جس سے رونالڈو ورلڈ کپ کے ابتدائی ایک یا دو میچوں سے باہر ہو سکتے ہیں۔
گزشتہ روز ہونے والے میچ میں آئرلینڈ نے پرتگال کو 0-2 سے شکست دے کر اپنی 2026 ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرنے کی امیدیں روشن کر لیں۔ ممکنہ طور پر اب آئرلینڈ کو پلے آف میں نہیں جانا پڑے گا، جس سے پرتگال کو ایک اور دھچکا لگ سکتا ہے۔