افغانستان کے اسپنر راشد خان کی دوسری شادی کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر نئی بحث کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
کرکٹر راشد خان نیدرلینڈز میں چیئریٹی فاؤنڈیشن کے افتتاح کے موقع پر ایک خاتون کے ساتھ نظر آئے جس کے بعد مختلف قیاس آرائیوں نے جنم لیا۔
تمام افواہوں کے درمیان راشد خان نے واضح کیا کہ وہ خاتون اِن کی دوسری اہلیہ ہیں اور دونوں کی شادی 2 اگست 2025 کو انجام پائی تھی۔
راشد خان نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ اُنہوں نے 2 اگست کو دوسرے نکاح کے ساتھ اپنی زندگی کا نیا باب شروع کیا تھا۔
راشد خان کے مطابق اِن کی دوسری اہلیہ وہی خصوصیات رکھتی ہیں جن کی وہ ہمیشہ خواہش رکھتے تھے۔
اگرچہ راشد خان نے اپنی اہلیہ کی شناخت ظاہر نہیں کی لیکن اِن کے مداح و صارفین اپنے پسندیدہ کھلاڑی کی نجی زندگی سے متعلق مزید جاننے کے لیے اِن کی اہلیہ کو سوشل میڈیا پر تلاش کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے راشد خان کی دوسری شادی کی مبینہ تصاویر بھی شیئر کرنا شروع کر دی ہیں جو اِن کے نکاح کی تقریب کی معلوم ہوتی ہیں۔
واضح رہے کہ راشد خان کی پہلی شادی 3 اکتوبر 2024ء کو کابل میں ایک شاندار تقریب میں ہوئی تھی جس میں اِن کے تین بھائیوں کی شادیاں بھی شامل تھیں۔