مصنّف: لجپت رائے متلانی
صفحات: 208
قیمت: 600روپے
ناشر: کراچی بک پوائنٹ
فون نمبر: 8997982 - 0300
مزاح لکھنا دو دھاری تلوار پر چلنے کے مترادف ہے کہ مزاح نگاری ہما شما کے بس کی بات نہیں۔ اس کے لیے گہرے مطالعے اور مشاہدے کی ضرورت ہوتی ہے۔ زیرِ نظر کتاب کے مصنّف نے ابنِ انشا کی کتاب’’اردو کی آخری کتاب‘‘ پڑھنے کے بعد خود کو مزاح نگاری کی طرف مائل پایا۔
ایک عام رجحان ہے کہ کتاب پر کسی نئے رائٹرکا نام دیکھ کر اُسے ہاتھ لگانے سے گریز کیا جاتا ہے، لیکن تبصرے کے لیے کتاب پڑھنا ہماری مجبوری ہے، سو، ہم نے بھی بڑی بے دلی سے زیرِ نظر کتاب کا مطالعہ کیا، لیکن جب کتاب ختم کی، تو ہماری رائے بدل چُکی تھی۔ بعض ضخیم کتابوں میں بھی چونکا دینے والا کوئی جملہ نہیں ملتا، جب کہ اِس کتاب میں کاٹ دار جملے بھی ہیں، تو شائستہ طنز اور شگفتہ مزاح بھی۔
اِس کتاب میں طنز و مزاح کے ضمن میں 67مضامین شامل کیے گئے ہیں اور کوئی مضمون سپاٹ نہیں، ہر مضمون شگفتہ نگاری کا مرقّع ہے۔ ہم یہی کہیں گے کہ قارئینِ ادب کو نئے لکھاریوں کی طرف بھی دیکھنا چاہیے۔