جاپان کے کچھ علاقوں میں ریچھ خوراک کی تلاش میں انسانی بستیوں میں داخل ہو رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگلات میں ریچھوں کی قدرتی خوراک کی فراہمی کم ہو رہی ہے جس کی وجہ سے یہ جنگل سے نکل کر انسانی بستیوں میں داخل ہو رہے ہیں۔
جاپان کے گیفو پریفیکچر میں مقامی حکومت نے ریچھوں کے انسانی بستیوں میں داخلے کے بڑھتی ہوئے واقعات کی وجہ سے ایک ڈرون پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا ہے۔
ان ڈرونز میں اسپیکر لگے ہوئے ہیں جن میں سے شکاری کتوں کی آوازیں آتی ہیں، یہ آواز ریچھوں کو خوفزدہ کرتی ہے اور انہیں واپس جنگلوں کی طرف بھاگنے پر مجبور کر دیتی ہیں۔
ریچھوں کو مزید خوفزدہ کرنے اور انہیں واپس جنگل میں بھیجنے کے لیے کچھ ڈرون آتش بازی یا دھماکا خیز آلات سے بھی لیس ہیں۔
گیفو پریفیکچر کے حکام کا کہنا ہے کہ اگر یہ طریقہ کارآمد ثابت ہوتا ہے تو ہم اس پائلٹ پروجیکٹ کو دوسرے علاقوں تک توسیع دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی لاکھوں لوگوں، خاص طور پر پہاڑی و دیہاتی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی حفاظت کے لیے ایک غیر مہلک اور تکنیکی حل فراہم کرتی ہے۔