ٹی ٹوئنٹی ٹرائی نیشن سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکا نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ونندو ہاسارنگا آج سری لنکا کی پلیئنگ الیون میں شامل ہیں جبکہ ایشان ملنگا ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبو کررہے ہیں۔
دوسری جانب زمبابوے نے سری لنکا کے خلاف میچ میں پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور وہی ٹیم برقرار رکھی ہے جو پاکستان کے خلاف میچ میں تھی۔
راولپنڈی میں کھیلے جارہے میچ میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سری لنکا کے کپتان داسن شناکا کا کہنا ہے کہ پچ پہلے سے استعمال شدہ ہے اور اوس بھی موجود ہے، اس لیے وہ ابتدا میں ہی حریف بیٹنگ لائن کو دباؤ میں لانا چاہتے ہیں۔
شناکا نے کہا کہ ہمیں رنز کو محدود کرنا ہے اور سکندر رضا کی وکٹ لینا سب سے اہم ہوگا۔
دوسری جانب زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے کہا کہ وہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہدف مقرر کرنے کے بجائے زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کو ترجیح دیتے ہیں۔
زمبابوے نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی، زمبابوے اپنی پہلی شکست کے بعد کم بیک کرنے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ سری لنکا پاکستان کی سرزمین پر اپنے حالیہ تینوں ون ڈے میچز ہار چکا ہے اور اب ٹی ٹوئنٹی میں نئی شروعات چاہتا ہے۔
خیال رہے کہ سیریز کے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 5 وکٹ سے شکست دی تھی۔