• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ: اسرائیلی فوج کی گھر پر بمباری سے 1 خاندان کے تمام افراد شہید

فوٹو: القدس نیوز نیٹ ورک / ایکس
فوٹو: القدس نیوز نیٹ ورک / ایکس 

غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری ہے، گزشتہ روز صہیونی فوج نے ایک گھر پر بم باری کر کے خاندان کے تمام افراد کو شہید کر دیا۔

القدس نیوز نیٹ ورک کے مطابق  غزہ میں اسرائیلی بم باری کے نتیجے میں ابو شاوِش خاندان کے تمام افراد شہید ہو گئے، شہید ہونے والوں میں رامی، سحر، محمد، بتول، تیما، یوسف اور حبیبہ ابو شاوِش شامل ہیں۔

غزہ کے  سرکاری میڈیا آفس نے بتایا ہے کہ امریکا کی ثالثی میں ہونے والی غزہ جنگ بندی کے بعد سے اب تک 44 دنوں میں اسرائیل نے کم از کم 497 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔

اسرائیلی خلاف ورزیوں میں 342 فلسطینی شہری شہید ہوئے ہیں۔

شہداء میں زیادہ تر بچے، خواتین اور معمر افراد شامل ہیں، گزشتہ روز (ہفتے کو) 27 خلاف ورزیوں میں 24 فلسطینی شہید اور 87 زخمی ہوئے۔

ہفتے کے روز اسرائیلی فوج نے غزہ بھر میں ایک اور فضائی حملوں کی لہر شروع کی۔

اس کارروائی میں کم از کم 24 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔

یہ کارروائیاں 6 ہفتے سے جاری جنگ بندی کی ایک اور کھلی خلاف ورزی قرار دی جا رہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل جنگ بندی معاہدے کے تحت لازمی قرار دی گئی امدادی سامان اور طبی سپلائیز کی آزادانہ ترسیل میں بدستور رکاوٹیں ڈال رہا ہے، جس کے باعث غزہ میں انسانی بحران مزید سنگین ہو رہا ہے۔


دوسری جانب  اسرائیل کی جانب سے اب تک 330 فلسطینیوں کی لاشیں واپس کی گئی ہیں، جن میں سے صرف 90 کی شناخت ہو سکی ہے، کئی لاشوں پر تشدد، مسخ شدگی اور فائرنگ سے ہلاکت کے آثار پائے گئے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید