• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی کرکٹر سمریتی مندھانا کی شادی ملتوی، تمام پوسٹس بھی ڈیلیٹ

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پہلے والد کو دل کا دورہ پڑنے اور پھر منگیتر کے اسپتال میں داخل ہونے کے بعد بھارت کی اسٹار کرکٹر سمریتی مندھانا کی شادی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی۔

اب فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سمریتی مندھانا نے شادی سے متعلق تمام پوسٹس ڈیلیٹ کر دیں، جس سے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ 

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سمریتی مندھنا کی شادی کی تقریب میوزک کمپوزر پلاش موچل کے ساتھ گزشتہ روز 23 نومبر کو مہاراشٹرا کے علاقے میں واقع مندھانا فارم ہاؤس میں طے تھی۔ تاہم والد کی طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے اسے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹر کے والد کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کی طبیعت اب خطرے سے باہر ہے۔

دوسری جانب پلاش موچل کو جب اپنے سسر کی طبیعت کا علم ہوا تو ان کی اپنی حالت بگڑ گئی، جس کے بعد انہیں بھی اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کمپوزر کی طبیعت کے حوالے سے ان کی والدہ نے بتایا ہے کہ پلاش کو سمریتی کے والد سے بہت زیادہ لگاؤ ہے، سمریتی سے زیادہ یہ دونوں ایک دوسرے کے قریب ہیں اور اچھے دوست ہیں۔

میڈیا کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ جب سرینواس مندھانا کو دل کا دورہ پڑا تو پلاش کی روتے روتے طبیعت خراب ہوگئی۔

میڈیا کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سب نارمل ہے بس پلاش کو ذہنی تناؤ ہے جس کی وجہ سے اس کی طبیعت خراب ہوئی۔ تاہم انہیں ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید