گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے ملاقات کرلی۔
اسلام آباد میں الیکشن کمیشن میں میڈیا سے گفتگو میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں سیاسی گفتگو نہیں ہوئی ہے۔
انہوں نے ایف سی ہیڈ کوارٹر پشاور پر حملے کی مذمت کی اور کہا کہ ایف سی کے جوانوں نے جانوں کی قربانیاں دے کر اپنے دیگر ساتھیوں کو بچایا۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے کےلیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کی حمایت ضروری ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کا تعاون ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پالیسیاں جلسےجلوسوں میں نہیں بنتیں، خیبرپختونخوا میں امن و امان سے متعلق صوبائی حکومت کی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
گورنر خیبر پختونخوا نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں افغان باشندے ملوث تھے، افغانستان کو بتا چکے ہیں، بھارت اور اسرائیل ان کی زمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔