• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ نے غیر قانونی ہجرت روکنے کیلئے بھارت میں ویزا فراڈ مخالف مہم توسیع کر دی

برطانیہ نے بھارت میں ویزا فراڈ کے خلاف آگاہی مہم کو ریاست تامل ناڈو تک وسعت دے دی ہے۔

اس اقدام کا مقصد شہریوں کو دھوکے بازوں سے بچانا اور غیر قانونی ہجرت کی روک تھام ہے۔

یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب برطانوی وزیر برائے انڈو پیسیفک سیما ملہوترا بھارت کے دورے پر تھیں۔

انہوں نے مشترکہ یوکے-انڈیا اقدامات کا جائزہ لیا، جن کا مقصد عوام کو مالی نقصان، استحصال اور ذہنی اذیت سے بچانا اور برطانیہ میں غیر قانونی داخلے کی کوششوں کو کم کرنا ہے۔

برطانیہ کی نئی ویزا فراڈ آگاہی مہم کے تحت تامل ناڈو میں تامل زبان میں واٹس ایپ چیٹ بوٹ متعارف کرایا جائے گا اور کمیونٹی انگیجمنٹ سیشنز بھی منعقد ہوں گے تاکہ عوام کو دھوکے بازوں کی پہچان اور مستند ویزا معلومات تک رسائی میں مدد مل سکے، یہ مہم بھارتی پنجاب میں جاری پائلٹ پروگرام کی کامیابی کے بعد شروع کی جا رہی ہے۔

مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں سیما ملہوترا نے کہا کہ آپ ہماری نئی واٹس ایپ چیٹ بوٹ سروس کا نمبر دیکھیں گے، یہ ایک ایسا ذریعہ ہے، جو ہر وقت دستیاب ہوگا، مستند برطانوی ویزا ڈپارٹمنٹ سے براہِ راست معلومات فراہم کرے گا تاکہ لوگ درست رہنمائی حاصل کر سکیں اور ویزا فراڈ کرنے والوں کی پہچان کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پیغام بالکل واضح ہو محفوظ رہیں، اپنے خوابوں یا اپنی جمع پونجی کو خطرے میں نہ ڈالیں، ویزا فراڈ کرنے والے مجرموں اور اس سے پیدا ہونے والے تمام خطرات سے اپنے آپ کو بچائیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید