کراچی (نیوز ڈیسک) زیادہ عضلات (مسلز) دماغی بڑھاپے سے بچاتے ہیں، تحقیق میں انکشاف، وزن کم کرنے والی دوائیں جو پٹھے بھی گھٹاتی ہیں دماغی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہیں۔ تحقیق کے مطابق پٹھوں کے زیادہ حجم والے افراد کی دماغی عمر کم رہتی ہے جبکہ پیٹ کے اندر موجود چربی کی کم مقدار بھی دماغ کو جوان رکھنے میں مددگار ہے۔ واشنگٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کے سائرس راجی مطابق چربی کم کرتے ہوئے پٹھوں کو برقرار رکھنا دماغی صحت کے لیے بہترین فائدہ دیتا ہے۔ اس تحقیق میں 1,164صحت مند افراد کے دماغ اور جسم کے ایم آر آئی اسکین کا تجزیہ کیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ زیادہ پٹھے اور کم اندرونی چربی دماغی عمر کو کم کرتے ہیں، جبکہ ذیلی چربی کی مقدار کا اثر نہیں دیکھا گیا۔