امریکی قونصل جنرل چارلس گُڈمن نے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں امریکا اور سری لنکا کے درمیان 40 سال سے زائد عمر کے کرکٹرز کے ٹی 20 ورلڈ کپ میچ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ٹیم یو ایس اے کی حوصلہ افزائی کی اور کھیلوں کے ذریعے قوموں کو جوڑنے والے کردار کو اُجاگر کیا۔
اس موقع پر سندھ بھر سے ’انگلش ایکسس‘ پروگرام کے 500 سے زائد طلبہ نے بھی شرکت کی جو پاکستان کے مقبول کھیل کرکٹ سے لطف اندوز ہوئے۔
قونصل جنرل گُڈمن نے میچ سے قبل سینئر اسپورٹس رپورٹرز کے ساتھ گفتگو کی اور اسٹیڈیم کے کمنٹری باکس سے براہِ راست تبصرہ بھی کیا۔
ٹیم یو ایس اے کی کامیابی کے بعد انہوں نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی، ٹرافیاں تقسیم کیں، اور سری لنکن ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ اس قسم کے کھیل ناصرف تعلقات کو فروغ دیتے ہیں بلکہ لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا باعث بنتے ہیں۔
انٹرنیشنل ماسٹرز کرکٹ اوور 40 ٹی 20 ورلڈ کپ میں 12 بین الاقوامی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ 21 نومبر سے یکم دسمبر تک کراچی کے 5 مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 42 میچز پر مشتمل ہے۔
پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیرِ انتظام اس سیریز میں سابق ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس کرکٹرز ایک بار پھر میدان میں اتر رہے ہیں۔
کپتان محمد فَرّخ اور نائب کپتان ذیشان محمد کی قیادت میں ٹیم یو ایس اے امریکا میں کرکٹ کو فروغ دے رہی ہے۔ ٹیم یو ایس اے کی شرکت امریکا کے ’میگا ڈیکیڈ آف اسپورٹس‘ کا بھی حصہ ہے، جو 2026 ورلڈ کپ اور 2028 لاس اینجلس اولمپکس کی جانب پیش رفت ہے اور اسی تناظر میں عالمی سطح پر امریکی کرکٹ کی شناخت کو تقویت دے رہی ہے۔
قونصل جنرل گُڈمن نے اس موقع پر کہا کہ کھیلوں میں سرحدوں، ثقافتوں اور قوموں کو جوڑنے کی صلاحیت ہے۔ پاکستان میں امریکی مشن نوجوانوں کو جوڑنے اور باہمی شراکت داری کو مضبوط کرنے والی سرگرمیوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے، جس کی ایک مثال آج کراچی میں منعقدہ یو ایس اے سری لنکا کرکٹ میچ بھی ہے۔