• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی 20 ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان، پاک بھارت ٹاکرا کب؟

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کے شیڈول اور وینیوز کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی اعلامیے کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز 7 وینیوز نیو دہلی، چنئی، کولکتہ، ممبئی، احمد آباد، کولمبو اور کینڈی میں ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ایونٹ کا اہم ترین ٹاکرا 15 فروری بروز اتوار کھیلا جائے گا، دیگر ٹیموں سے پاکستان اپنے لیگ میچز 7، 10 اور 18 فروری کو کھیلے گا۔

آئی سی سی شیڈول کے مطابق ایونٹ کا آغاز 7 فروری کو ہوگا جبکہ فائنل 8 مارچ کو احمد آباد یا کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اپنے تمام میچز سری لنکن سر زمین پر کھیلے گا، اس کے ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں فائنل کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

ایونٹ میں 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جنہیں 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں پاکستان، بھارت، امریکا، نیدرلینڈز اور نمیبیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔

گروپ بی میں آسٹریلیا، سری لنکا، عمان، زمبابوے، آئرلینڈ، گروپ سی میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، بنگلادیش، نیپال اور اٹلی جبکہ گروپ ڈی میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، افغانستان، کینیڈا اور یو اے ای شامل ہیں۔

آئی سی سی شیڈول کے مطابق 7 فروری سے 19 فروری تک ہر روز 3 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ 20 فروری کو ایک میچ آسٹریلیا اور عمان کے درمیان کھیلا جائے گا۔

میگا ایونٹ میں سپر ایٹ مرحلہ 21 فروری سے یکم مارچ تک جاری رہے گا جبکہ پہلا سیمی فائنل 4 مارچ کو کولکتہ یا کولمبو میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو ممبئی میں ہوگا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید