کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اُن کی انتظامیہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو ختم کرنے کے ایک معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں، 9 ماہ میں 8 جنگیں رُکوائیں اور اب ایک اور جنگ رُکوانے پر کام کر رہے ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں تھینکس گِیونگ کی تقریب سے خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ روس یوکرین جنگ میں ہزاروں فوجی مارے جا چکے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ یوکرین روس جنگ کے خاتمے کے لیے پیش کیے جانے والے امن معاہدے پر غیر معمولی پیش رفت ہوئی ہے۔ وائٹ ہاؤس نے بھی امن معاہدے سے متعلق غیر معمولی پیش رفت سے آگاہ کیا اور کہا کہ کچھ نازک نکات پر مزید بات چیت درکار ہوگی۔