کراچی (نیوز ڈیسک )ایران تنازع پر یورپ اور امریکا میں کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ۔ یورپی ممالک اور واشنگٹن جنگ پر متحد نہ ہو سکے ، اسپین مخالف، جرمنی حمایت کی طرف مائل، برطانیہ اور فرانس دفاعی کردار تک محدود،نیٹو کے بجائے یورپی اجتماعی دفاع پر بحث جاری ہے۔ اسپین کے وزیر اعظم پدرو سانچز نے ایران پر ممکنہ امریکی حملے کے لیے اپنے فوجی اڈوں کے استعمال سے انکار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا "No to the war" اور کہا کہ اسپین دنیا کے لیے نقصان دہ کارروائیوں میں شریک نہیں ہوگا، جس پر یورپی کونسل کے سربراہ انتونیو کوسٹا اور فرانس کے صدر امانوئل ماکرون نے یکجہتی کا اظہار کیا۔ سانچز نے اس حملے کو عراق جنگ کی طرح خطرناک قرار دیا، جس سے دہشت گردی اور عالمی غیر استحکام میں اضافہ ہوا تھا۔