• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اطالوی شہری نے پنشن کیلئے مردہ ماں کا روپ دھار لیا

فوٹو: امریکی میڈیا
فوٹو: امریکی میڈیا 

اٹلی میں ایک شخص نے پنشن لینے کیلئے مردہ ماں کا روپ دھار لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی اٹلی میں ایک 57 سالہ شخص کو اس وقت گرفتار کر لیا گیا جب وہ اپنی مردہ ماں کا روپ دھار کر اس کا شناختی کارڈ تجدید کروانے کی کوشش کر رہا تھا۔ 

حکام کے مطابق اس کے گہرے بالوں والے ہاتھ، ٹھوڑی اور گردن نے اہلکاروں کو شبہ میں ڈال دیا اور یوں ایک سنگین جرم کا انکشاف ہوا، ملزم کی والدہ کا انتقال 2022 میں 82 برس کی عمر میں ہوا تھا، بیٹے نے ان کی موت کی اطلاع حکام کو کبھی نہیں دی۔

اٹلی میں شناختی کارڈ کی تجدید کروانے کیلئے شہری کو خود جانا پڑتا ہے، جب کارڈ کی میعاد ختم ہوئی تو بیٹے نے میک اپ، وِگ اور اپنی ماں کے کپڑے پہن کر اس کا روپ اختیار کیا اور دفتر پہنچ گیا، تاہم کارڈ پراسیس کرنے والے اہلکار نے مشکوک حرکات دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔

جب اسے دوبارہ دفتر بلایا گیا تو سی سی ٹی وی فوٹیج سے واضح ہوا کہ ’خاتون‘ خود گاڑی چلا کر آئی تھی، جبکہ مرنے والی خاتون کے پاس ڈرائیونگ لائسنس تھا ہی نہیں۔

پولیس نے موقع پر ہی اس شخص کو روک لیا اور پھر اس کے گھر کی تلاشی کے دوران خاتون کی ممی شدہ لاش لانڈری روم سے ملی، جو سلیپنگ بیگز میں لپٹی ہوئی تھی۔

ملزم کے خلاف لاش چھپانے، ریاست سے دھوکہ دہی اور سرکاری دستاویز میں جعل سازی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اٹلی میں ریاستی پنشن فراڈ عام ہے، جہاں ہر سال درجنوں افراد مردہ رشتہ داروں کا روپ دھار کر ان کی پنشن وصول کرتے ہوئے پکڑے جاتے ہیں۔ ملک میں اموات کا ریکارڈ اور سرکاری سسٹمز ہمیشہ ہم آہنگ نہ ہونے کے باعث پنشن کی فراہمی اکثر سالوں تک جاری رہتی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
دلچسپ و عجیب سے مزید