متحدہ عرب امارات کے کراچی میں تعینات قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ یو اے ای پاکستانیوں کو ویزے جاری نہیں کر رہا ہے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قونصل جنرل یو اے ای کراچی بخیت عتیق الرمیتی نے کہا کہ پاکستانیوں کے لیے یو اے ای کے ویزوں کے اجرا کے حوالے سے ان کے پاس گزشتہ تین سال میں اتنا رش نہیں دیکھا گیا جس کا ان دنوں یو اے ای کراچی قونصلیٹ کو سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر قسم کے ویزوں کے حوالے سے کراچی قونصلیٹ کے ویزا سیکشن میں بہت زیادہ رش ہے۔ ویزا کی بندش کے حوالے سے اطلاعات بالکل غلط ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بعض نوعیت کے ویزوں کے اجرا کے حوالے سے پیشگی تاریخ لینا پڑتی ہے جو ایک مہینے سے تجاوز کر چکی ہے۔
واضح رہے کہ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سلمان چوہدری نے جمعرات کو سینیٹ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس کے دوران بیان دیا کہ متحدہ عرب امارات پاکستانیوں کو ویزے جاری نہیں کر رہا ہے۔
تاہم یو اے ای کے حوالے سے یو اے ای قونصل جنرل کراچی نے ایسی خبروں کی قطعی تردید کی ہے۔