پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے عدالتوں کے احکامات پر عمل نہیں ہو رہا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان نے مذاکرات کا اختیار محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دے دیا ہے، سیاسی مسائل کا سیاسی حل ڈھونڈنا چاہیے۔
اس سے قبل پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے اِن کے تحفظات ہیں، بانیٔ پی ٹی آئی سے 4 نومبر کو آخری ملاقات ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن نے اسمبلی کے باہر اپنی اسمبلی نہیں لگائی تاکہ آگے بڑھا جا سکے، ایسے رویے کی وجہ سے اس ایوان میں کیسے بیٹھ سکتے ہیں۔
دوسری جانب اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں 25 کروڑ عوام کی منتخب پارلیمان ہی فیصلے کرے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے کہتے ہیں کہ اپنی انا سے باہر نکلیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے خلاف وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا راولپنڈی کے گورکھ پور ناکے پر دیا گیا دھرنا ختم ہو گیا، وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی گورکھپور سے اسلام آباد روانہ ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی کا علامہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی سے مشاورت کے بعد دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
منگل کو دوبارہ اڈیالہ آنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے، فیملی ملاقات کے دن کارکنوں کو بھی آنے کی کال دی جائے گی۔