لاہور(نمائندہ خصو صی،مانیٹر نگ سیل)امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کی کوشش ہے کہ آئندہ الیکشن میں سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ دینے کا حق دیا جائے، مسئلہ کشمیر کیلئے ہماری حکومت وہ نہیں کر رہی جو اس مسئلے کا حق ہے۔ منصورہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کےحل کیلئے بیرون ممالک میں کونسلیں بنائیں گے اور مقامی صحافیوں سے بات کرینگے۔ سراج الحق نے کہا کہ برطانیہ کی پارلیمنٹ میں بھی اوورسیز پاکستانیوں کو وہاں پہنچایا ہے، انکے ذریعے بھی مسئلہ کشمیر کو آگے بڑھائیں گے۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت کو بااختیار کمشین بنانا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ 15اگست کو مظفر آباد سے چکوٹھی تک عظیم الشان لانگ مارچ ہو گا، اس کے بعد ہم اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔سراج الحق نے اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی تحریک احتساب کی حمایت کرتے ہیں، اُن کے اردگرد تمام لوگ کرپشن کے داغ سے پاک ہیں۔سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بیرون ممالک جن بڑے شہروں میں پاکستان کے قونصل خانے نہیں وہاں جلد از جلدقونصل خانے کھولے جائیں اور بھارت اور امریکہ سمیت مختلف ممالک کی جیلوں میں بند ہزاروں پاکستانیوں کی رہائی کیلئے فوری انتظامات کئے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانچ براعظموں کے 20ممالک میں موجود اوورسیز پاکستانیوں کے نمائندوں کے ہمراہ منصورہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاپاکستان کو عالمی سطح پر تنہائی سے بچانے کیلئے اوور سیز پاکستانیوں کو اعتماد میں لینے کی ضرورت ہے۔اوور سیز پاکستانی سالانہ 19ارب ڈالر کا زرمبادلہ پاکستان بھجواتے ہیں مگر یہاں کے کرپٹ حکمران وہی پیسہ لوٹ کر بیرونی بنکوں میں جمع کروادیتے ہیں ۔اگر حکومت احتساب کے معاملے میں لیت ولعل سے کام لے تو چیف جسٹس آف پاکستان کو از خود نوٹس لیتے ہوئے پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن تشکیل دینا چاہئے۔ماڈل ٹاؤن کے 14شہدا ءکے قاتلوں کوگرفتا ر کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔سیاسی پارٹیاں اپنے اندر احتساب کے نظام کو یقینی بنائیں تاکہ کوئی ڈاکو لٹیرا ان کی صفوں میں گھس کر لوٹ کھسوٹ نہ کرسکے ۔