شاعر: شجاع الزّماں خان شاد
صفحات: 191
ہدیہ: 600 روپے
ناشر: الحمد پبلی کیشنز، گلشن اُردو بازار، بلاک 3، گلشنِ اقبال، کراچی۔
فون نمبر: 2830957 - 0322
زیرِ نظر کتاب کے خالق بنیادی طور پر غزل اور نظم کے شاعر ہیں۔ اِس حوالے سے ان کے دو شعری مجموعے’’شرحِ آرزو‘‘ اور’’حسرت اندمال‘‘ شائع ہوچُکے ہیں۔شجاع الزّماں خان شاد نے تقدیسی شاعری میں بھی روایتی استعاروں اور علامتوں سے گریز کیا ہے۔
اِس کتاب میں اُن کی 56حمدیں،14نعتیں، دو مناقب اور ایک سلام کے علاوہ تین نظمیں، مدحتِ قرآن، واقعۂ معراج اور حج کی سعادت بھی شامل ہیں۔ زیرِ نظر مجموعہ ڈاکٹر اکرم کنجاہی، قمر وارثی، ڈاکٹر محمّد سہیل شفیق، طاہر سلطانی، تنویر پھول اور محسن علوی کے مضامین سے آراستہ ہے۔ اُنہوں نے اپنی تقدیسی شاعری میں احتیاط ملحوظِ خاطر رکھی ہے۔
حمد اور نعت میں فرق کرنا ایک ایسا عمل ہے، جس کی پاس داری کی گئی ہے۔ڈاکٹر اکرم کنجاہی ہمارے عہد کے نہایت معتبر شاعر، نقّاد اور محقّق ہیں اور اُن کی اِس رائے کے بعد مزید کچھ لکھنا سورج کو چراغ دِکھانے کے مترادف ہے۔
’’شجاع الزّماں خان کے تقدیسی کلام میں فکر تو وہی رواں دواں ہے، جو دیگر مدحت نگاروں کے ہاں دِکھائی دیتی ہے، مگر لسانی فرق ضرور موجود ہے، جس کا تعلق شعراء کے اپنے مزاج سے ہوتا ہے۔‘‘