مصنّف: عبدالغفور چوہدری
صفحات: 560، قیمت: 4000روپے
ناشر: قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل، یثرب کالونی، والٹن روڈ، لاہور کینٹ۔
فون نمبر: 0515101 - 0300
ابتدا میں علّامہ عبدالستار عاصم نے زیرِ نظر کتاب کے مصنّف، عبدالغفور چوہدری کا جو تعارف پیش کیا ہے، وہ انتہائی متاثرکُن ہے۔ جی چاہتا ہے کہ اُن کی جدوجہد سے قارئین کو بھی آگاہ کیا جائے، لیکن اختصار ہماری مجبوری ہے۔ وہ پاکستان ہی نہیں، پورے جنوبی ایشیا کے پہلے ڈپٹی کمشنر ہیں، جنہوں نے ایک سپاہی کے طور پر اپنی عملی زندگی کا آغاز کیا۔
عموماً لوگ اپنی کام یابیوں ہی کا تذکرہ کرتے ہیں، لیکن مصنّف نے اپنی ناکامیوں کا ذکر بھی بڑی فراخ دلی سے کیا ہے، جس سے اُن کی دیانت داری کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ اُنہیں کئی مراحل پر ناکامی ہوئی، لیکن اُنہوں نے ہمّت نہیں ہاری۔ فوج کی ملازمت کے دَوران ایم اے(انگریزی) ایم اے،(اسلامیات) ایم اے (پولیٹیکل سائنس) اور ایل ایل بی کی ڈگریز، پرائیویٹ امتحانات دے کر حاصل کیں۔
زیرِ نظر کتاب، 30ابواب پر مشتمل ہے، جس میں محکمہ جات میں کام کرنے کے ضمن میں سچّے واقعات درج کیے گئے ہیں۔ یہ کتاب تمام سرکاری ملازمین کے لیے ایک انسائیکلو پیڈیا ہے کہ اِس میں انتظامی افسران کے لیے ہر قسم کے حالات سے عُہدہ برآ ہونے کے رہنما اصول بھی دیئے گئے ہیں۔
مختلف محکمہ جات کا طریقۂ کار سمجھنے کے لیے بھی اِس کتاب سے مدد لی جاسکتی ہے۔ پیش لفظ، مصنّف نے خُود تحریر کیا ہے، جب کہ مجیب الرحمان شامی، مولانا امیر حمزہ اور علّامہ عبدالستار عاصم کے مضامین سے بھی کتاب کی اہمیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔