بھارتی ریاست اروناچل پردیش میں ایک نجی ٹیوشن ٹیچر پر 4 کمسن بچیوں کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کا الزام سامنے آیا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ بچیوں کی عمریں 6 سے 7 سال کے درمیان ہیں اور وہ پہلی جماعت کی طالبات ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اتوار کی رات تقریباً 9 بج کر 15 منٹ پر نہارلاگون پولیس اسٹیشن میں ایک زبانی اطلاع موصول ہوئی، جس میں الزام لگایا گیا کہ ٹیوشن کے دوران بچیوں کو جنسی طور پر ہراساں کیا گیا۔
رپورٹ ملتے ہی سب انسپکٹر ایس درچی کی قیادت میں پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔
ملزم کی شناخت 35 سالہ میلو ٹکر کے طور پر کی گئی ہے، جو لوئر سبانسری ضلع کے بولا گاؤں کا رہائشی ہے۔ واقعہ مبینہ طور پر نہارلاگون کے جی سیکٹر میں واقع اس کے کرائے کے اپارٹمنٹ میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے۔ جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔