بھارتی ریاست پنجاب کے شہر لدھیانہ میں اس وقت دلچسپ صورتِ حال دیکھنے میں آئی جب ایک دلہن نے رخصتی کے وقت ڈرائیونگ سیٹ سنبھال لی، اس موقع پر خوفزدہ دولہا اپنی جان کی سلامتی کے لیے دعائیں کرنے لگا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رخصتی کے بعد خود ڈرائیونگ کرتے ہوئے اپنے سسرال جانے کی ویڈیو وائرل ہونے پر نئی نویلی دلہن نے سوشل میڈیا پر سب کے دل جیت لیے۔
بھوانی تلوار ورما نامی دلہن نے بھاری لہنگے اور روایتی زیورات سمیت مکمل عروسی لباس میں ملبوس ہونے کے باوجود ڈرائیونگ سیٹ سنبھال کر سب کو حیران کر دیا۔
وائرل کلپ کا آغاز دلہن بھوانی سے ہوا جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ڈرائیونگ کے لیے تیار ہوتی ہیں، اس موقع پر انہوں نے شرارتاً دولہا کو گاڑی میں بیٹھنے کے لیے کہا کہ بیٹھو! کیا گھر جانا نہیں ہے؟
جیسے ہی جوڑے نے سفر شروع کیا، دلہن کے پُراعتماد انداز کے برعکس دولہا گھبراہٹ کے عالم میں سلامتی کے ساتھ اپنے گھر پہنچنے کی دعائیں کرنے لگا۔
دلہن کے اس اقدام اور دونوں کے درمیان دوستانہ نوک جھونک نے ویڈیو کو سوشل میڈیا پر مقبول بنا دیا، صارفین نے دلہن کے اس اعتماد کو خوب سراہا ہے۔
ویڈیو وائرل ہوتے ہی صارفین نے تعریفی تبصروں کی بھرمار کر دی، کئی لوگوں نے دلہن کے اعتماد کی تعریف کی، جبکہ کچھ خواتین نے کمنٹس میں کہا کہ وہ بھی اپنی شادی میں ایسا ہی کرنا چاہیں گی۔
واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں کہ کوئی دلہن گاڑی کا اسٹیئرنگ سنبھالتے ہوئے وائرل ہوئی ہو، اس سے قبل ایک دلہن آکریتی سیٹھی کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس میں وہ مکمل عروسی لباس میں گانے پر جھومتی خود گاڑی چلاتی شادی کے مقام کی جانب روانہ ہوئی تھیں۔