• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میکسیکن کامیڈی کے بے تاج بادشاہ ایل پولی ووز 87 برس کی عمر میں چل بسے


ایل پولی ووز کے نام سے مشہور میکسیکن کامیڈین ایجواردو مانزانو کی یادگار تصویر—بشکریہ غیر ملکی میڈیا
ایل پولی ووز کے نام سے مشہور میکسیکن کامیڈین ایجواردو مانزانو کی یادگار تصویر—بشکریہ غیر ملکی میڈیا

میکسیکن کامیڈی کے بے تاج بادشاہ اور دنیا بھر میں ایل پولی ووز کے نام سے جانے پہچانے جانے والے ایجواردو مانزانو 6 دہائیوں کی ہنسی، میراث اور ناقابلِ فراموش کرداروں کی یادیں چھوڑ کر انتقال کر گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق میکسیکن کامیڈین کا انتقال 87 سال کی عمر میں ہوا ہے، ان کے بیٹے لالو مانزانو نے انسٹاگرام پر انتہائی جذباتی پیغام کے ذریعے اس دکھ بھری خبر کی تصدیق کی۔

میکسیکو اور پورے لاطینی امریکا میں ان کے مداح غم میں ڈوب گئے، جنہوں نے ہسپانوی زبان کی تفریح کی سب سے اہم اور محبوب شخصیت کو کھو دیا ہے۔

کامیڈین کے صاحبزادے لالو مانزانو نے اپنے والد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انسٹاگرام پر لکھا کہ آج زندگی کے اسٹیج کا پردہ گر گیا، ہزاروں لوگوں کے محبوب کامیڈین اور قابلِ تعریف انسان، میرے والد اس دنیا سے چلے گئے، وہ ایک غیر معمولی، مہربان، ذہین اور اپنے ٹیلنٹ کی طرح بڑے دل والے انسان تھے۔

انہوں نے لکھا ہے کہ ان کے ہر لطیفے کے پیچھے ایک محنتی فنکار تھا اور ہر مسکراہٹ کے پیچھے ایک ایسا باپ تھا جس نے اپنے بچوں کو مشکل لمحات میں بھی مثبت رہنے کی تعلیم دی۔

18 جولائی 1938ء کو پیدا ہونے والے ایجواردو مانزانو میکسیکو کے سب سے مشہور کامیڈین، اداکار اور گلوکار تھے، انہیں ملک بھر میں اس وقت شہرت ملی جب انہوں نے انریک کوینکا کے ساتھ مل کر ایک کامیڈی ٹیم لوس پولی ووسس بنائی، ان کا شو 1960ء اور 1970ء کی دہائیوں میں میکسیکن ٹی وی پر انتہائی مقبول رہا۔

انہوں نے کئی فلموں میں بھی کام کیا اور ٹی وی اور فلموں میں کئی ایسے مضحکہ خیز اور یادگار کردار تخلیق کیے جو آج بھی لوگوں کو یاد ہیں، جبکہ نئی نسل میں بھی وہ ایسی ہی مقبولیت رکھتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید