مرتّب: پروفیسر سعید حسن قادری
صفحات: 112، قیمت: 500روپے
ناشر: ادارۂ یادگارِ ایوب قادری، کراچی۔
فون نمبر: 3944668 - 0334
پروفیسر حبیب اللہ غضنفر ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔ شاعر، محقّق، نقّاد، ماہرِ علمِ عروض اور ماہرِ تعلیم کی حیثیت سے اُن کی نمایاں شناخت تھی۔ زیرِنظر کتاب اُن کے اُس غیر مطبوعہ کلام پر مشتمل مجموعہ ہے، جو ڈاکٹر ایّوب قادری کے کتب خانے میں محفوظ تھا، جسے قادری صاحب کے صاحب زادے، پروفیسر سعید حسن قادری نے بڑی جاں فشانی سے مرتّب کیا ہے کہ خطِ شکستہ کو سمجھنا کوئی آسان کام نہیں۔
پروفیسر حبیب اللہ خان غضنفر کا شمار اُردو کے اُن شعراء میں ہوتا ہے، جنہوں نے شاعری میں بھی اپنی روایات زندہ رکھیں۔ اُن کی شاعری میں معاملاتِ حُسن و عشق کے ساتھ، تصوّف آمیز مضامین بھی ملتے ہیں۔ ندرتِ خیال اور مضمون آفرینی نے اُن کی شاعری کو وقار عطا کیا۔
یقیناً پروفیسر حبیب اللہ خان غضنفر کا یہ دریافت شدہ علمی، ادبی اور شعری سرمایہ تاریخِ ادب کا حصّہ بنے گا اور نئی نسل اس سے استفادہ کرے گی۔ کتاب کے مرتّب پروفیسر سعید حسن قادری وفاقی اُردو یونی ورسٹی میں شعبۂ اردو کے سربراہ رہ چُکے ہیں۔