• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاعر: نوشاد عثمان

صفحات: 248، قیمت: 1000روپے

ناشر: ہارون پبلی کیشنز، بلال ٹاؤن، نارتھ کراچی، کراچی۔

فون نمبر: 2243868 - 0332

نوشاد عثمان عرصۂ دراز سے (جدّہ) میں مقیم ہیں۔ اُنہیں شاعری کا ذوق وَرثے میں ملا کہ اُن کے والدِ گرامی محمّد عثمان بھی کہنہ مشق شاعر اور افسانہ نگار تھے، جب کہ بڑے بھائی جمیل عثمان کی ادبی خدمات بھی ناقابلِ فراموش ہیں۔ جس آدمی کا گھر ایک دبستان کا درجہ رکھتا ہو، وہ پیچھے کیسے رہ سکتا ہے۔

نوشاد عثمان کا پہلا شعری مجموعہ’’تمام موسم، خزاں کے موسم‘‘ 2022ء میں شائع ہوا تھا، جس کی تقریبِ پذیرائی میں ہم نے بھی ایک تحریر پڑھی تھی۔ زیرِ نظر مجموعہ پانچ حمدوں، تین نعتوں،96نظموں اور غزلوں پر مشتمل ہے۔ 

نوشاد عثمان کے فکر و فن پر مامون ایمن، نسیم سحر، پروفیسر زاہد رشید اور بشیر الدّین ساگر چلاسی نے جو مضامین رقم کیے ہیں، اُن سے بھی اِس کتاب کی اہمیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ 

نوشاد عثمان کی شاعری میں جمالیاتی عناصر زیادہ ہیں، تو رومانی طرزِ احساس بھی موجود ہے۔ نیز، اُنہوں نے ہجرت کے تجربات کو بھی شعری قالب عطا کیا ہے۔ نوشاد عثمان روایتی آدمی ہیں، لیکن اُن کی شاعری روایتی نہیں ہے۔ 

اُنہوں نے موجودہ عہد کے تجربات کو بھی اپنی شاعری کا موضوع بنایا ہے۔ زبان و بیان کے اعتبار سے یہ ایک مکمل مجموعہ ہے کہ جو شاعری مامون ایمن جیسے ماہرِ علمِ عروض کی نظر سے گزری ہو، اس میں کوئی کجی کیسے ہوسکتی ہے۔