مصنّف: مہدی لغاری
صفحات: 248، قیمت: 1200روپے
ناشر: گردوپیش پبلی کیشنز، ملتان.
فون نمبر: 6780423 - 0318
مہدی لغاری بنیادی طور پر انگریزی ادب کے آدمی ہیں۔ اُن کا ایک انگریزی ناول صاحبانِ نقد و نظر سے بے پناہ تحسین حاصل کرچُکا ہے، جب کہ وہ سفرنامہ نگار بھی ہیں۔ زیرِ نظر ناول ایک ایسے نگر کی کہانی پر مشتمل ہے، جو کبھی آباد تھا، اب برباد ہوگیا ہے۔ بقول رضی الدین رضی’’ یہ ناول نہیں، اپنی دریافت کا ایک عمل ہے۔‘‘ ہم کون تھے، ہمارے آباؤ اجداد کا تعلق کہاں سے تھا، ہم کہاں سے آئے اور ہمارا اختتام کیا ہے؟
مہدی لغاری نے اِن تمام سوالات کے جواب تلاش کرنے کی کوشش کی ہے۔ اُنہوں نے بہت محنت اور عرق ریزی کے ساتھ کئی حسّاس موضوعت کو اِس ناول میں سمیٹنے کی کوشش کی ہے۔
زیرِ نظر ناول ایک ایسے مسحور کُن بیانیے کو قاری کے سامنے پیش کرتا ہے، جس میں تمام اقدار و روایات کے دھاگوں کو انتہائی خُوب صورتی کے ساتھ بُنا گیا ہے اور پھر وقت کے منہ زور طوفان میں اُن کی شکست وریخت کا المیہ بھی کھول کر رکھ دیا گیا ہے۔
یہ ناول30 عنوانات میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جس ناول کا پیش لفظ مستنصر حسین تارڑ جیسے صاحبِ نظر تخلیق کار نے تحریر کیا ہو، اُسے مزید کسی سند کی ضرورت نہیں۔مصنّف کا اندازِ تحریر اِتنا متاثر کُن ہے کہ پڑھنے والا اُن کا ہم سفر ہوجائے گا۔