مصنّف: ساجد رشید
صفحات: 128، قیمت: 700روپے
ناشر: ہارون پبلی کیشنز، کراچی۔
فون نمبر: 2243868 - 0332
پروفیسر ہارون الرشید کا شمار پاکستان کی اُن یگانۂ روزگار شخصیات میں ہوتا تھا، جنہوں نے علم و ادب کو عبادت کا درجہ دیا۔ شاعر، ادیب، نقّاد، محقّق، ماہرِ تعلیم، مذہبی اسکالر، اقبال شناس، گویا اُن کی زندگی کی ہر جہت روشن اور تاب ناک ہے۔
مختلف حوالوں سے اُن کی چالیس سے زائد کتابیں شائع ہوچُکی ہیں۔ پروفیسر صاحب خوش قسمت تھے کہ اُنہیں سعادت مند اولاد ملی کہ اُن کے دونوں صاحب زادے، زاہد رشید اور ساجد رشید، مسلسل اُن کی روایات اور کام کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ 2023ء میں ساجد رشید کی کتاب’’پروفیسر ہارون الرشید، حیات و خدمات‘‘ منظرِعام پر آئی اور اب اُن کی نئی کتاب ہمارے پیشِ نظر ہے، جس میں اُنہوں نے اپنے والدِ گرامی کی وفات کی مکمل رُوداد قلم بند کی ہے۔
یہ کتاب صرف واقعات پر مبنی نہیں، بلکہ اُس ذہنی کشمکش کو بیان کرتی ہے، جس کا شکار ایک ایسا بیٹا ہے، جو اپنے باپ کو آئیڈیل مانتا ہے۔ وہ اپنے باپ سے بچھڑنے کے نتیجے میں کس طرح کے حالات کا سامنا کررہا ہے، یہ کتاب اِس حقیقت پر روشنی ڈالتی ہے۔ کتاب میں فرحت پروین ملک اور پروفیسر زاہد رشید نے جو مضامین تحریر کیے ہیں، اُن سے بھی اس کی اہمیت و افادیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔