امریکا نے Nvidia کے جدید H200 آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پروسیسرز چین کو برآمد کرنے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دی جانے والی اجازت کے تحت ہر ایک چپس کی فروخت پر 25 فیصد فیس وصول کی جائے گی۔
خبر ایجنسی کے مطابق اس سے قبل امریکا میں یہ بحث ہو رہی تھی کہ امریکی کمپنیاں اپنی ٹیکنیکل برتری برقرار رکھنے کے لیے چین کو چِپس فروخت کریں یا پھر اِنہیں روک کر چین کی ٹیکنالوجی کی ترقی کو محدود کیا جائے۔
اب امریکی انتظامیہ کی جانب سے چپس کی برآمدگی کی اجازت کو ایک درمیانی راستہ سمجھا جا رہا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکا اپنے سب سے جدید Blackwell چپس کی برآمدات پر پابندی برقرار رکھے گا جبکہ نسبتاً کم طاقتور H200 چپس چین کو مخصوص سیکیورٹی شرائط پر بھیجی جا سکیں گی۔
اس فیصلے کا مقصد امریکی قومی سلامتی کو برقرار رکھتے ہوئے تجارتی فوائد بھی حاصل کرنا ہے۔
دوسری جانب واشنگٹن میں سخت مؤقف رکھنے والے حلقے اس فیصلے کو خطرناک اقدام قرار دے رہے ہیں، اِن کے مطابق جدید چِپس چین کی فوجی اور نگرانی کی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنا سکتی ہیں۔
واشنگٹن میں سیاسی سطح پر اس فیصلے پر شدید اختلاف پایا جاتا ہے۔
ادھر چین خود بھی Nvidia پر انحصار کم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے اور مقامی متبادل چِپس پر کام جاری رکھے ہوئے ہے تاہم کارکردگی کے اعتبار سے امریکی H200 اب بھی چین کی مقامی ٹیکنالوجی سے کہیں زیادہ آگے ہے۔