• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: ای بائیک پر وارداتیں کرنیوالوں کیخلاف میٹ پولیس کا کریک ڈاؤن

میٹ پولیس لندن نے ہائی اسپیڈ سائیکلوں پر لوگوں سے فون چھیننے اور راہزنی میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے گزشتہ برس ڈھائی ہزار ای بائیکس اور ای اسکوٹرز ضبط کیے۔

صرف لندن میں 2024ء میں فون چھینے جانے کی 80 ہزار 500 وارداتیں رپورٹ ہوئیں، 2023ء میں یہ تعداد 65 ہزار تھی۔

میٹ کمشنر سر مارک رولی نے کہا ہے کہ لندن میں مجرمانہ طور پر استعمال ہونے والی ای بائیکس اور ای اسکوٹرز ضبط کر کے مجرموں کو ان سے محروم کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ میٹ پولیس کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق یکم اپریل سے 22 اکتوبر تک چوری اور راہزنی میں بالترتیب 16.6 اور 13.5 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، ای بائیکس پر سوار افراد چند لمحوں میں لوگوں کے فون چھین کر فرار ہوجاتے ہیں۔

میٹ کمشنر سر مارک رولی کا مزید کہنا ہے کہ فون چھیننے اور راہزنی کی وارداتوں کو روکنا پولیس کی ترجیح ہے، ہم وارداتوں اور منظم جرائم میں ملوث افراد کا پیچھا کریں گے، پولیس افسران کو بھی خصوصی بائیکس فراہم کی ہیں تاکہ وہ چوروں کو فرار ہونے سے روک سکیں۔

نیرو پٹیل نیبر ہڈ پولیسنگ کمانڈر میٹ پولیس کا کہنا ہے کہ ای بائیک کے ذریعے فون چھینے کی وارداتوں کی تعداد پر تشویش ہے، پولیس ای بائیکس چلانے والوں کی طرف سے غیر سماجی رویہ، فٹ پاتھ پر چلانے اور ریڈ سگنل سے گزرنے والوں کو بھی پکڑے گی کیونکہ تیز رفتاری سے ای بائیک چلانے والے دوسروں کے علاوہ خود اپنے لیے بھی خطرہ ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید