لاہور(خصوصی نمائندہ)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں وزیر اعلیٰ صحت اقدامات کے حوالہ سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود خان نے شرکت کی۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب میں پہلی بار صحت کے شعبے میں تاخیری کلچر کو ختم کر دیا گیا ہے۔پنجاب کے اسپیشلائزڈ ہسپتالوں میں لاکھوں مریض مستفید ہوئے، سرجریز کی گیئں جبکہ اربوں روپے کی مفت ادویات تقسیم کی گئی ہیں۔پنجاب حکومت کا واضح پیغام ہے کہ دل کے مریضوں کے علاج میں ایک لمحے کی تاخیر بھی ناقابلِ قبول ہے۔ سپیشلائزڈ ہسپتالوں میں اربوں روپوں کی مفت ادویات کی فراہمی کی گئی ہے۔ پنجاب میں وزیراعلیٰ اسپیشل اینیشیٹو برائے کینسر پیشنٹ کارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کینسر اور کارڈیک سرجری کے لئے خصوصی کارڈ متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا ہے کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے سو فیصد میرٹ پر تین ہزار سے زائد نئے ڈاکٹرز و نرسوں کی بھرتی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔