• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹر کی سطح پر انجینئرنگ، میڈیکل اور سائنس جنرل جیسے سبجیکٹ گروپس کے خاتمے کی تجویز

جنگ فوٹو
جنگ فوٹو 

انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) نے انٹرمیڈیٹ کی سطح پر انجینئرنگ، میڈیکل اور سائنس جنرل جیسے سبجیکٹ گروپس کے خاتمے کی تجویز دے دی۔

اس سلسلے میں منگل کو تعلیم سے وابستہ تمام متعلقہ فریقین کے اشتراک سے آئی بی سی سی سیکریٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (SSC) اور ہائر سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (HSSC) کی سطح پر مضامین کے گروپس سے متعلق درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ 

اجلاس کی صدارت ایگزیکٹو ڈائریکٹر IBCC ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کی جنہوں نے شرکاء کو طلبہ کو پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کیا، بالخصوص اُن طلبہ کے مسائل جنہوں نے سائنس کے زیادہ تر مضامین پاس کیے ہوتے ہیں مگر اِنہیں ہیومینٹیز گروپ کے تحت ایکویلنس جاری کی جاتی ہے۔ 

اجلاس میں موجودہ سبجیکٹ گروپ سسٹم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور طلبہ کی تعلیمی نقل و حرکت اور اعلیٰ تعلیم تک رسائی کے تناظر میں اس کے مثبت اور منفی پہلوؤں پر غور کیا گیا۔

مشاورت کے دوران متعلقہ فریقین نے انجینئرنگ اور میڈیکل جیسے سبجیکٹ گروپس کے خاتمے کی تجویز دی اور سبجیکٹ بیسڈ راستہ اختیار کرنے کی سفارش کی جس کے تحت جامعات داخلوں کا فیصلہ طلبہ کے پاس کردہ مخصوص مضامین کی بنیاد پر کریں گی نہ کہ پہلے سے مقررہ گروپس کی بنیاد پر۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC)، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC)، نیشنل کریکولم کونسل اور صوبائی نصابی اداروں، امتحانی بورڈز اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے SSC سطح پر سبجیکٹ گروپس کے خاتمے اور مضامین کو علیحدہ کرکے طلبہ کے لیے مزید لچک پیدا کی۔

اسی تناظر میں متعلقہ اداروں کے نمائندگان پر مشتمل ایک قومی مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا جو آئندہ مشاورتی اجلاس میں تفصیلی سفارشات پیش کرے گا۔

اجلاس میں چیئرمین سندھ بی سی سی فقیر محمد لاکھو، چیئرمین کے پی بی سی سی پروفیسر تسبیح اللّٰہ، چیئرمین فیڈرل بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک، چیئرمین ایس بی ٹی ای کراچی پروفیسر مشرف علی راجپوت، چیئرمین بی آئی ایس ای مردان پروفیسر جہانزیب، کنٹرولر امتحانات پی ایم ڈی سی ڈاکٹر امداد خشک، ڈائریکٹر این سی سی ڈاکٹر تبسم ناز، ڈائریکٹر ایچ ای سی مسٹر قاضی عابد، کنسلٹنٹ مسٹر شفیق اعوان اور آئی بی سی سی کے افسران نے شرکت کی جبکہ بی آئی ایس ای کوئٹہ اور سندھ، پنجاب و بلوچستان کے نصابی اداروں کے نمائندگان نے آن لائن شرکت کی۔

مشاورتی فورم کی سفارشات میں کہا گیا کہ HSSC سطح پر سبجیکٹ گروپس کا خاتمہ کیا جائے کیونکہ جامعات یا ریگولیٹری اداروں کو داخلوں کے لیے گروپ بندی کی ضرورت نہیں ہوتی۔ SSC کی اہلیتی گروپس کا جائزہ لیا جائے اور انہیں کالج داخلوں کے لیے آسان اور لچکدار بنایا جائے، SSC سطح پر تعلیمی اور پیشہ ورانہ (ہنر مند) تعلیم کی ضرورت کا جائزہ لیا جائے یا متبادل طور پر مختلف مہارت پر مبنی مضامین کو SSC میں ضم کیا جائے۔ 

شرکاء نے درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ فریقین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں IBCC کے فعال کردار کو سراہا اور تجویز کردہ اصلاحات کو بین الاقوامی بہترین طریقۂ کار سے ہم آہنگ قرار دیا تاکہ تعلیم کے زیادہ ہموار اور جامع راستے فراہم کیے جا سکیں۔

قومی خبریں سے مزید