ایک نئی سائنسی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وٹامن سی کا غذا کے ذریعے استعمال کرنا جِلد کی صحت کےلیے بیرونی کریمز، لوشنز اور سیرمز کے مقابلے میں زیادہ فائدہ مند ہے۔
یہ تحقیق معروف سائنسی جریدے جرنل آف انویسٹی گیٹو ڈرماٹولوجی میں شائع ہوئی ہے۔
تحقیق میں 24 صحت مند بالغ افراد کو شامل کیا گیا جن کا تعلق نیوزی لینڈ اور جرمنی سے تھا۔
تحقیق کے مطابق وٹامن سی سے بھرپور غذائیں کھانے سے خون اور جلد دونوں میں وٹامن سی کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے اور جلد میں وٹامن سی کی سطح براہِ راست خون میں موجود مقدار کی عکاسی کرتی ہے۔
تحقیق کی سربراہ پروفیسر مارگریٹ وسرز کا کہنا ہے کہ وٹامن سی کے استعمال اور جلد کی صحت کے درمیان نہایت مضبوط تعلق ہے۔
ان کے مطابق خون میں موجود وٹامن سی جلد کی تمام تہوں تک پہنچتا ہے اور جلد کے افعال کو بہتر بناتا ہے۔
محققین کے مطابق تحقیق کے دوران شرکاء کو آٹھ ہفتوں تک روزانہ دو کیوی فروٹ کھانے کی ہدایت دی گئی جس سے اِنہیں تقریباً 250 ملی گرام وٹامن سی حاصل ہوا۔
اس دوران ان کے خون میں وٹامن سی کی سطح بڑھی جس کے نتیجے میں جلد کی صحت میں اضافہ اور جلد کی اوپری سطح کو بہتر دیکھا گیا۔
ماہرین کے مطابق جلد کی صحت میں اضافہ دراصل کولیجن کی پیداوار اور جلد کے خلیات کی تیز رفتار صحتیابی کی علامت ہے جو صحت مند اور تروتازہ جلد کے لیے ضروری ہے۔
پروفیسر وسرز نے بتایا کہ وٹامن سی پانی میں حل ہو جاتا ہے لیکن جلد پر لگانے سے یہ آسانی سے اندر جذب نہیں ہو پاتا جبکہ خون کے ذریعے یہ جلد کے خلیات میں مؤثر طریقے سے جذب ہو جاتا ہے۔
ماہرین کا مشورہ
ماہرین کا کہنا ہے کہ صحت مند افراد روزانہ تقریباً 250 ملی گرام وٹامن سی استعمال کر کے خون میں اس کی مناسب سطح برقرار رکھ سکتے ہیں۔
چونکہ جسم وٹامن سی کو ذخیرہ نہیں کرتا اس لیے روزانہ پھل اور سبزیاں کھانا ضروری ہے جن میں کم از کم ایک وٹامن سی سے بھرپور غذا شامل ہونی چاہیے۔
ماہرین کے مطابق جلد کی اصل خوبصورتی اور صحت کا تعلق اندرونی غذائیت سے ہے نہ کہ صرف بیرونی مصنوعات سے۔
نوٹ: یہ مضمون صرف عمومی معلومات کے لیے ہے، کسی بھی طبی مشورے کے لیے اپنے ڈاکٹر یا ماہرِ صحت سے رجوع کریں۔