• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فضائیہ کا تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ

تصویر، اسکرین گریب
تصویر، اسکرین گریب

پاک فضائیہ نے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق یہ کامیاب تجربہ قومی فضائی اور دفاعی صلاحیتوں کی ترقی میں ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔ تیمور ایئر لانچ کروز میزائل روایتی وار ہیڈ لے کر 600 کلومیٹر تک دشمن کے زمینی اور سمندری اہداف کو انتہائی درستی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

جدید ترین نیوی گیشن اور گائیڈنس سسٹم سے لیس میزائل کو انتہائی کم اونچائی پر پرواز کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ دشمن کے فضائی اور میزائل دفاعی نظام سے مؤثر طریقے سے بچنے کے قابل ہے۔

ترجمان کے مطابق مسلح افواج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے اس کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کا مشاہدہ کیا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اس شاندار کامیابی پر سائنسدانوں، انجینئرز اور پاک فضائیہ کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور غیر متزلزل عزم کو بھی سراہا۔

ادھر وزیراعظم نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ تیمور ویپن سسٹم کی بدولت ملک کا دفاع مزید مستحکم ہوگا، کامیاب فلائٹ ٹیسٹ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی پختگی، جدت اور خود انحصاری کی نشاندہی کرتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید