• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وینزویلا کے صدر اور انکی اہلیہ کو پکڑ کر ملک سے باہر منتقل کردیا، ٹرمپ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا پر امریکی حملے کی تصدیق کردی۔

سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ امریکا نے وینزویلا اور اس کے لیڈر پر بڑے پیمانے پر حملہ کیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو پکڑ کر ملک سے باہر منتقل کیا گیا ہے۔ وینزویلا پر حملے کے لیے بہت اچھی منصوبہ بندی کی گئی.

دوسری جانب وینزویلا کے نائب صدر نے کہا ہے کہ وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کے بارے میں نہیں جانتے ہیں کہ وہ کہاں ہیں، دونوں شخصیات کے زندہ ہونے کا ثبوت دیا جائے۔

عالمی رہنماؤں کے ردعمل

موجودہ صورتحال پر کولمبیا کے صدر نے کہا ہے کہ وینزویلا پر امریکی حملے کے بعد وینزویلا کے ساتھ سرحد پر فوج تعینات کردی ہے۔

ادھر اسپین نے وینزویلا میں کشیدگی میں کمی اور عالمی قوانین کے احترام کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب روس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وینزویلا کے خلاف امریکی حملوں پر سخت تشویش ہے، امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہیں ، اب ضروری ہے کہ مزید کشیدگی کو روکا جائے۔

روسی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بات چیت کے ذریعے صورتحال سے نکلنے کا راستہ تلاش کرنے پر توجہ دی جائے، لاطینی امریکا کو زون آف پیس رہنا چاہیے، وینزویلا کو باہر سے کسی تباہ کن اور فوجی مداخلت کے بغیر اپنی تقدیر خود طے کرنے کے حق کی ضمانت دی جانی چاہیے۔

روسی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ وینزویلا کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتےہیں۔

اس سے قبل وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس سمیت مختلف شہروں میں امریکا کی جانب سے حملے کیے گئے تھے۔

وینزویلا کی حکومت نے ملک میں امریکی حملوں کی تصدیق کردی تھی۔

وینزویلا کی حکومت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ حملے دارالحکومت کاراکس، میرانڈا، آراگوا اور لاگویرا ریاستوں میں ہوئے۔

وینزویلا حکومت کے مطابق امریکی حملوں کا مقصد وینزویلا کے تیل اور معدنیات پر قبضہ کرنا ہے۔ امریکا ہمارے وسائل حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا۔

جنوبی امریکی ملک وینزویلا کی حکومت نے بیان میں کہا ہے کہ امریکا کی فوجی جارحیت کو مسترد کرتے ہیں، ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید