پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر امام الحق بیٹی کے باپ بن گئے۔
امام الحق نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ننھی شہزادی کی ایک جھلک شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنے گھر میں آنے والی ننھی مہمان کی آمد سے آگاہ کیا۔
امام الحق نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے شائقن کو خوشخبری سنائی کہ انہوں نے بیٹی کا نام انارا حق رکھا ہے۔
پاکستانی بیٹر نے اپنے احساسات کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ بہت خوشی کے ساتھ بتانا چاہتا ہوں کہ اللّٰہ نے بیٹی سے نوازا ہے، جس کا نام انارا حق رکھا ہے، انارا کے نام کا مطلب ’روشنی کی کرن‘ ہے اور وہ واقعی ہماری زندگیوں کی روشنی ہے۔
امام الحق نے مداحوں سے بیٹی اور اپنی فیملی کو دعاؤں میں یاد رکھنے کی اپیل بھی کی ہے۔
خیال رہے کہ امام الحق کا 25 نومبر 2023 کو اپنی قریبی دوست انمول محمود کے ساتھ نکاح ہوا تھا، ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز 21 نومبر 2023 کو ناروے میں مہندی کی تقریب سے ہوا تھا۔
بعدازاں لاہور میں قوالی نائٹ کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں سابق کپتان بابر اعظم، سرفراز احمد سمیت دیگر کئی کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی۔
امام الحق نے 25 نومبر 2025 کو شادی کے دو سال مکمل ہونے پر اپنی اہلیہ کے ساتھ خوبصورت تصاویر و ویڈیوز بھی شیئر کی تھیں، جنہیں مداحوں کی جانب سے کافی پسند کیا گیا۔