سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ سے وائرل ہونے والے 8 سالہ چائلد اسٹار بریٹ ایمبلر ایک مرتبہ پھر وائرل ہوگئے، مگر نئی ویڈیو میں وہ بچے نہیں بلکہ جوان نظر آرہے ہیں۔
انٹرنیٹ کے مشہور میم ?Wait a minute… who are you میں نظر آنے والے معصوم بچے بریٹ ایمبلر ایک بار پھر سوشل میڈیا پر چھا گئے ہیں۔
حالیہ دنوں میں سامنے آنے والی ایک ویڈیو، جس میں 45 سالہ ایمبلر نظر آرہے ہیں، تقریباً 50 لاکھ ویوز حاصل کر چکی ہے۔ ویڈیو دیکھنے والے کئی صارفین کو ابتدا میں یقین ہی نہیں آیا کہ یہ وہی مشہور Kazoo Kid ہے جس نے دہائیاں قبل دنیا بھر کے دل جیت لیے تھے۔
بریٹ ایمبلر نے 1989 میں بچوں کی ویڈیو Special Friends: Starring You on Kazoo میں اداکاری کی تھی، جس میں ان کی معصومانہ مسکراہٹ اور مشہور جملہ بعد ازاں انٹرنیٹ میم بن گیا۔
یہ کلپ برسوں بعد دوبارہ سامنے آیا اور اپنی معصومیت اور خوشگوار انداز کے باعث بے حد مقبول ہوا، جبکہ ان کی نئی وائرل ویڈیو پر صارفین کے ردِعمل میں جذباتی رنگ نمایاں ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ اس کی مسکراہٹ آج بھی ویسی ہی ہے، جبکہ ایک اور نے کہا کہ آواز بھی بالکل وہی لگ رہی ہے۔ تیسرے صارف نے تبصرہ کیا کہ میں ہمیشہ سوچتا تھا وہ بچہ اب کہاں ہو گا، اچھا لگا کہ اسے دوبارہ دیکھنے کو ملا۔
45 سالہ بریٹ ایمبلر نے اپنی میم شہرت کو خوش دلی اور عاجزی کے ساتھ قبول کیا ہے۔ مختلف انٹرویوز میں وہ اس پر بات کر چکے ہیں کہ کس طرح ایک بچپن کی ویڈیو نے انہیں غیر متوقع عالمی پہچان دلائی۔
وہ سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں سے رابطے میں بھی رہتے ہیں اور تھیٹر اور موسیقی کے شعبے سے وابستہ ہیں۔
بریٹ ایمبلر کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ ایک سادہ سی بچپن کی پرفارمنس اتنا گہرا اثر چھوڑے گی۔ تاہم، ان کی خوش مزاج شخصیت آج بھی ویسی ہی ہے۔
ان کی حالیہ وائرل واپسی اس بات کی مثال ہے کہ انٹرنیٹ کلچر کس طرح نسلوں کو آپس میں جوڑ دیتا ہے۔ بہت سے لوگوں کے لیے بریٹ ایمبلر کو دوبارہ دیکھنا ایک خوبصورت یاد تازہ ہو جانے جیسا ہے۔
ان کی ویڈیو اس بات کا ثبوت اور اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ بعض لمحات، چاہے کتنے ہی مختصر کیوں نہ ہوں، ہمیشہ کے لیے دلوں میں بس جاتے ہیں۔