• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران میں مقیم پاکستانی، وزارتِ خارجہ کی ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں، سفیر پاکستان

ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو(فائل فوٹو)۔
ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو(فائل فوٹو)۔ 

ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو نے ایران میں مقیم پاکستانی شہریوں کو وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان مدثر ٹیپو کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر شہری غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور سفارتخانے سے مسلسل رابطے میں رہیں۔

انکے مطابق ایران میں وائی فائی سروس ڈاؤن ہے جبکہ ٹیلی فون کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی شہروں میں واقع پاکستانی سفارتخانے اور قونصل خانے کی لینڈ لائنز بحال ہیں اور پاکستانی شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ان پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

مدثر ٹیپو نے بذریعہ سڑک پاکستان واپس جانے کے خواہشمند شہریوں کو ہدایت کی کہ بارڈر بند ہونے کے وقت سے کم از کم چار گھنٹے قبل سرحد پر پہنچ جائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ واپسی کے وقت پاسپورٹ پر امیگریشن اسٹیمپ لگوانا ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ بعد میں کسی قانونی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

پاکستان واپس آنے کے خواہشمند طلبہ کے حوالے سے سفیر پاکستان نے کہا کہ طلبہ باضابطہ طریقہ کار مکمل کرکے روانہ ہوں اور اپنی متعلقہ یونیورسٹی سے کلیئرنس سرٹیفیکیٹ ضرور حاصل کریں۔ انہوں نے بتایا کہ سفارتخانہ ایرانی بارڈر اتھارٹیز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ پاکستانی شہریوں اور طلبہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

سفیر مدثر ٹیپو کے مطابق ہرمزگان یونیورسٹی کے 72 پاکستانی طلبہ آج پاکستان واپس روانہ ہو چکے ہیں جبکہ زنجان یونیورسٹی کے پاکستانی طلبہ کی واپسی کا عمل بھی جاری ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ہرمزگان یونیورسٹی سے واپس جانے والے طلبہ کو سفارتخانے کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید