بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کے بچپن سے مشابہت رکھنے والا بچہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
بھارت میں ون ڈے کرکٹ کا جوش و خروش عروج پر ہے، خاص طور پر اس لیے کہ یہ واحد بین الاقوامی فارمیٹ ہے جس میں اسٹار بلے باز ویرات کوہلی اور روہت شرما اب بھی متحرک ہیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل وڈودرا میں شائقین کا جوش دیدنی تھا، ٹریننگ سیشن کے دوران ویرات کوہلی بچوں کو آٹوگراف دیتے نظر آئے، تاہم اس موقع کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ صارفین نے نوٹ کیا کہ آٹوگراف لینے والوں میں شامل ایک بچہ حیرت انگیز طور پر ویرات کوہلی کے بچپن سے مشابہت رکھتا ہے۔
یہ منظر شائقین کے لیے کسی پرجوش لمحے سے کم نہ تھا، جب ایک ننھا مداح ویرات کوہلی کے پاس آٹوگراف کے لیے پہنچا، سوشل میڈیا پر مداحوں نے اس بچے کو منی کوہلی کا نام دے دیا اور اسے گلچ اِن دی میٹرکس قرار دیا۔
مداحوں نے ویرات کوہلی کے بچپن کی تصاویر کے ساتھ اس بچے کی تصاویر کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ چہرے کے خدوخال اور بالوں کا اسٹائل حیران کن حد تک ایک جیسے ہیں۔
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے، ایک مداح نے مذاق میں لکھا، ’یہ کوہلی تو نہیں؟‘ جبکہ دوسرے نے کہا، ’انیس بیس کا بھی فرق نہیں‘، ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ ’ایسا لگتا ہے جیسے ٹائم ٹریول کر کے اصل ویرات خود اپنا آٹوگراف لینے آ گئے ہوں۔‘