• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کا غیر ملکی ورکرز کیلئے 35 ہزار اضافی ویزوں کا اعلان، کیا پاکستان انکا اہل ہے؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

امریکی حکومت نے عارضی لیبر کی کمی کا سامنا کرنے والے امریکی ایمپلایئرز کو محدود ریلیف فراہم کرنے کے لیے مالی سال 2026 میں 35 ہزار اضافی ایچ 2 بی عارضی ورک ویزے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی (ڈی ایچ ایس) اور محکمہ محنت (ڈی او ایل) نے تصدیق کر دی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق یہ اضافی ویزے سالانہ ایچ 2 بی ویزا کی مقررہ حد 66 ہزار کے علاوہ ہوں گے، جس کے بعد 2026 میں مجموعی طور پر 1 لاکھ ایک ہزار تک ایچ 2 بی ویزے دستیاب ہو سکتے ہیں، تاہم اس کا انحصار طلب اور اہلیت کی شرائط پر ہوگا۔

تاہم، یہ تازہ الاٹمنٹ گزشتہ تین برسوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے۔ 2023ء سے 2025ء کے دوران امریکی حکومت نے اضافی ایچ 2 بی ویزوں کی کہیں زیادہ تعداد جاری کی تھی۔

2026ء کے لیے ویزوں میں اضافہ گزشتہ برسوں کے مقابلے تقریباً 50 فیصد کم ہے، جس پر غیر ملکی عارضی ورکرز پر انحصار کرنے والی صنعتوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔

غیر ملکی ورکرز کے لیے کم الاٹمنٹ کا مطلب یہ ہے کہ امریکا میں عارضی ملازمت حاصل کرنے کے مواقع محدود ہوں گے اور مقابلہ مزید سخت ہو جائے گا۔

خیال رہے کہ ایچ 2 بی پروگرام کے تحت صرف ان ممالک کے شہری اہل ہوتے ہیں جنہیں محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی منظوری حاصل ہو۔ ان ممالک میں میکسیکو، جمیکا، فلپائن، تھائی لینڈ، برطانیہ، جاپان، برازیل سمیت چند دیگر ممالک شامل ہیں، جبکہ بھارت، پاکستان اور چین جیسے بڑے لیبر فراہم کرنے والے ممالک بدستور اس پروگرام سے خارج ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید