• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

60 روز میں سڑک اور نالے کا کام مکمل کر لیا جائے گا: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا دعویٰ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں دن رات کام ہو رہا ہے، 60 روز میں سڑک اور نالے کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہانگیر روڈ کو جدید اور پائیدار معیار کے مطابق تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں برسوں پرانا سیوریج نظام تبدیل اور اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ نکاسیٔ آب کے مسائل کا مستقل حل ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر روڈ پر جاری تعمیراتی کاموں کے ساتھ سیوریج مسائل کے مستقل حل کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور شہری سہولتوں میں نمایاں بہتری آئے گی، سیوریج لائنوں کی بہتری سے علاقے میں نکاسیٔ آب کے مسائل ختم ہوں گے۔

مرتضیٰ وہاب نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ عوامی مشکلات کے پیش نظر تعمیراتی کام مرحلہ وار مکمل کیے جا رہے ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر روڈ کی بحالی کراچی کی مجموعی ترقیاتی حکمت عملی کا حصہ ہے اور شہر کی تمام اہم شاہراہوں کو مرحلہ وار بہتر بنایا جائے گا۔

میئر کراچی نے کہا کہ کراچی والوں نے پیپلز پارٹی کو موقع دیا تو اس کے نتیجے میں کام ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے، جہانگیر روڈ پر موجود پیڈسٹرین پل کو میں نے خود بنوایا تھا اور اسے بھی بحال کیا جائے گا۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی میں مختلف منصوبوں کو بحال کیا جا رہا ہے، 400 سے زائد سڑکوں پر بھی ترقیاتی کام کرنے جا رہے ہیں، کے ایم سی اور سندھ حکومت مل کر کام کر رہی ہیں، جبکہ ٹاؤنز کو بھی اسی طرح تعاون کرنا چاہیے، اگر ٹاؤنز بھی اسی جذبے سے کام کریں تو اگلا سال امید کا سال ہوگا۔

انہوں نے جہانگیر روڈ پر بحالی کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے بتایا کہ ماضی میں کے ڈی اے نے جہانگیر روڈ کو تعمیر کروایا تھا، جبکہ اب سیوریج لائنوں کی تبدیلی اور اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں وسائل کا فقدان تھا، کچھ کام کےڈی اے اور کچھ کے ایم سی کرتا تھا،  سوا 9 ارب روپے صنعتکاروں کو دیے تاکہ وہ اپنے علاقوں میں ترقیاتی کام کروائیں، بلاول صاحب پارٹی کی تنظیم کو بلاتے ہیں ان سےکراچی کے کاموں کا پوچھتے ہیں۔

پانی کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کراچی میں پانی چوری ہو رہا ہے، ہائیڈرنٹس پیپلزپارٹی کے ہیں، ٹینکرز  آج سے نہیں طویل عرصے سے چل رہے ہیں، پیپلزپارٹی نے 7 ہائیڈرنٹس ٹینڈر کیے، کراچی کے 7 ہائیڈرنٹس کے کام کرنے کی مدت ختم ہوگئی، میں نے واٹر کارپوریشن کو ساتوں ہائیڈرنٹس کی ٹینڈرنگ کرنے سے روکا ہے، واٹر کارپوریشن کے پروپوزل کو سٹی کونسل لے کر جاؤں گا۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ مجھے تکلیف ہے شیر شاہ کی عوام کو 90، 90 روز تک پانی نہیں ملتا، 23 جنوری کو بورڈ میٹنگ ہے، حکمت عملی سے پہلے ٹینڈر سے منع کیا ہے، تانے بانے کسی سے بھی ملتے ہوں ہم سب حسین کے پیروکار ہیں، یہ نہیں ہوسکتا کہ فائدہ کوئی اٹھائے اور الزام ہم پر لگے۔

انہوں نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں پانی کی کمی ہے، میں اس بات کا اعتراف کرتا ہوں، ہم کوئی فیصلہ کرتے ہیں تو بیس سے پچیس لوگ رکوا دیتے ہیں، انسانوں کے ساتھ ساتھ کتوں کی آبادی بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے، مجھے میرے چیئرمین نے کہا ہے کہ خدمت کرو تو کام کررہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید