سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے بجلی کا بل بھرنے والے صارف کا پورے علاقے کی بجلی منقطع کرنے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی۔
عدالت نے کےالیکٹرک، نیپرا اور دیگر فریقین سے 21 جنوری کو جواب طلب کر لیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار اورنگی ٹاؤن نمبر 8 داتا نگر کا رہائشی اور کےالیکٹرک کا اسٹار کسٹمر ہے۔
درخواست گزار کے مطابق بل ادا کرنے کے باوجود علاقہ مکینوں کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے، 13 جنوری کو کےالیکٹرک نے بغیر پیشگی نوٹس کے پورے علاقے کی بجلی بند کی، کےالیکٹرک نے ہائی لائن لاسز کا جواز بنا کر علاقے کا پی ایم ٹی منقطع کیا، نومبر 2025ء میں بھی اسی طرح علاقے کی بجلی منقطع کی گئی تھی۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ کےالیکٹرک کے پورے علاقے کی بجلی منقطع کرنے کے اقدام کو غیرقانونی قرار اور نیپرا کو کےالیکٹرک کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔