وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کا گٹھ جوڑ ہے، ان کو ہمارے دشمن کے ذریعے وسائل پہنچ رہے ہیں، ہمارے پاس ٹھوس ثبوت ہیں۔
قومی پیغام امن کمیٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی سب سے بڑا چیلنج ہے، ہم نے دوسرے ممالک کو دہشتگردی سے بچایا ہے، آج دہشتگردی کا ناسور پھر سے سر اٹھایا ہے، افواج پاکستان کے ہزاروں افسران اور جوان شہید ہوئے، یہ ایسی تاریخ ہے جس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے 2018ء میں دہشتگردی کا خاتمہ کر دیا تھا، مجھے یقین ہے اس مرتبہ بھی دہشتگردی کا سر کچلا جائے گا، ملک میں قومی یکجہتی اور اتحاد کی جو آج ضرورت ہے، وہ پہلے کبھی نہیں تھی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا جو وہ کبھی نہیں بھولے گا، اللّٰہ تعالیٰ نے پاکستان کو ایسے وسائل عطا کیے ہیں جو شاید ہی کسی ملک کے پاس ہوں، ان وسائل کا استعمال کریں تو تمام مسائل ختم ہوجائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں بے روزگاری کا خاتمہ کرنا ہے، قرضوں سے نجات حاصل کرنی ہے، پاکستان کے پاس کھربوں ڈالر کے قدرتی وسائل ہیں، اب ہم ترقی وخوشحالی کی منزل کی طرف تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔