• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’کسی کا گھر ٹوٹ جائے تو یہ خوشی کی بات نہیں‘، جاوید شیخ کا بشریٰ انصاری کے طنز پر ردعمل

پاکستان کے سینئر اداکار جاوید شیخ نے ایک تقریب کے دوران طلاق سے متعلق اداکارہ بشریٰ انصاری کے طنز پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

حال ہی میں سینئر اداکار جاوید شیخ نے دیگر معروف فنکاروں بہروز سبزواری، روبینہ اشرف، بشریٰ انصاری اور شبیر جان کے ہمراہ ایک پریس ایونٹ میں شرکت کی۔

تقریب کے دوران بشریٰ انصاری نے جاوید شیخ کی طلاق سے متعلق طنزیہ جملہ کہا، جو سینئر اداکار کو ناخوشگوار گزرا اور اس پر سخت ردِعمل دے دیا۔

مذکورہ تقریب سے ایک ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں بشریٰ انصاری کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ میں جاوید شیخ کے گھر گئی تھی، انہوں نے مجھے کچھ کھانے کو بھی نہیں دیا کیونکہ ان کے پاس اس وقت کوئی گھر ہی نہیں تھا۔ ان کا گھر میری آنکھوں کے سامنے بنا اور میری آنکھوں کے سامنے ہی اجڑ گیا، یہ سب میری وجہ سے نہیں بلکہ میرے سامنے ہوا۔

اس پر جاوید شیخ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جواب دیا کہ ’بشریٰ نے میری طلاق پر جو کچھ کہا وہ مذاق میں کہا، لیکن کسی کا گھر اجڑ جائے، ٹوٹ جائے یہ خوشی کی بات نہیں ہے، میں نے کبھی ان کے ٹوٹے ہوئے گھر پر بات نہیں کی اور نہ ہی یہ سوال اٹھایا کہ ان کی شادی کیوں ختم ہوئی۔‘

انہوں نے بشریٰ انصاری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آئندہ جب بھی میری کہانی سناؤ تو اپنی کہانی بھی ضرور بتاؤ، کیونکہ تمہاری شادی بھی کامیاب نہیں ہو سکی تھی۔‘

سوشل میڈیا پر ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد صارفین بشریٰ انصاری کے اس تبصرے پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ دونوں فنکاروں کی دوستی نظرِ بد کا شکار ہو گئی جبکہ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ بشریٰ انصاری بعض اوقات غیر ضروری اور حد سے زیادہ بات کر جاتی ہیں۔

ایک اور تبصرے میں کہا گیا کہ بشریٰ ایک عظیم فنکارہ اور لیجنڈ ہیں، مگر عمر کے ساتھ ان کا رویہ بدلتا ہوا محسوس ہو رہا ہے۔ متعدد صارفین نے جاوید شیخ کا دفاع کرتے ہوئے انہیں لیجنڈ قرار دیا اور ان پر کیے گئے طنز پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید