کیا بگ بیش ٹیموں کا پاکستانی کھلاڑیوں پر اعتماد کم ہونے لگا ہے؟ سڈنی سکسرز کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے بابر اعظم کو اسٹرائیک نہ دینے کیلئے آخری بال پر سنگل سے گریز کیا۔
اگلے اوور میں اسٹیو اسمتھ نے 4 چھکے اور ایک چوکا لگا کر 30 رنز بنائے، دو ایکسٹرا کے رن بھی بنے، اسٹیو اسمتھ کے سنگل سے انکار پر بابر اعظم ناخوش بھی نظر آئے۔
چند روز قبل محمد رضوان کو بھی کپتان نے ریٹائرڈ آؤٹ کروا کر واپس بلالیا تھا، بابر اعظم کا بگ بیش سیزن میں اسٹرائیک ریٹ 107.48 جبکہ محمد رضوان کا اسٹرائیک ریٹ 101.19 ہے۔
دوسری جانب کپتان اسٹیو اسمتھ کی جارحانہ سنچری کے سبب بگ بیش ٹی ٹوئنٹی لیگ میں سڈنی سکسرز نے سڈنی تھنڈر کو 5 وکٹ سے ہرا دیا۔
سڈنی تھنڈر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے، جواب میں سکسزرز نے 5 وکٹوں پر 191 رنز بنا کر ہدف 16 گیندیں پہلے حاصل کر لیا، بابر اعظم نے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔
سڈنی تھنڈر کی جانب سے 110 رنز ناٹ آؤٹ بنانے والے ڈیوڈ وارنر کی سنچری رائیگاں چلی گئی۔