• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈونلڈ ٹرمپ کی فرانس کو 200 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی، صدر میکرون کا نجی پیغام بھی سامنے لے آئے

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانس کو دھمکی دی ہے کہ اگر اس نے ’بورڈ آف پیس‘ میں شمولیت اختیار نہ کی تو فرانسیسی شراب اور شیمپین پر 200 فیصد ٹیرف عائد کر دیا جائے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بیان فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے حوالے سے دیا ہے۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر صدر میکرون کا ایک نجی پیغام بھی شیئر کیا ہے۔

اس پیغام میں میکرون نے ٹرمپ کے ساتھ ایران اور شام کے معاملات پر اتفاق اور گرین لینڈ سے متعلق ٹرمپ کے مؤقف پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹرمپ اور میکرون کے درمیان یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر چکا ہے کیوں کہ فرانس نے ٹرمپ کی ’بورڈ آف پیس‘ میں شمولیت کی دعوت کو مسترد کرنے کا عندیہ دیا۔ 

میڈیا رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ فرانسیسی ذرائع کا کہنا ہے غزہ میں امن کے لیے تیار کیے گئے بورڈ کا دائرہ صرف غزہ تک محدود نہیں بلکہ اس سے آگے جاتا ہے۔ اسی دوران فرانس نے گرین لینڈ کے معاملے پر امریکا کا مذاق اڑایا ہے۔

فرانسیسی وزارتِ خارجہ نے ایک طنزیہ بیان میں امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے مؤقف کو غیر منطقی قرار دیتے ہوئے مختلف مثالیں دی ہیں جبکہ اسکاٹ بیسنٹ نے ٹرمپ کے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر مستقبل میں آرکٹک خطے میں روسی خطرات کو مدِنظر رکھ رہے ہیں۔

فرانسیسی صدر کے قریبی ذرائع نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا ہے کہ ٹرمپ کی جانب سے ٹیرف کی دھمکیاں ’ناقابل قبول اور غیر مؤثر‘ ہیں اور اس طرح کے دباؤ سے فرانس کی خارجہ پالیسی تبدیل نہیں ہو گی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید