• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا گرین لینڈ تنازع: ڈونلڈ ٹرمپ کا ڈنمارک پر روسی خطرے سے نمٹنے میں ناکام ہونے کا الزام

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ڈنمارک گرین لینڈ سے ’روسی خطرے‘ کو دور کرنے میں ناکام رہا ہے، اس لیے اب وقت آ گیا ہے کہ امریکا اس معاملے میں فیصلہ کُن قدم اٹھائے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ نیٹو گزشتہ 20 برسوں سے ڈنمارک کو گرین لینڈ میں روسی سرگرمیوں کے حوالے سے خبردار کرتا آ رہا ہے لیکن ڈنمارک اس خطرے کو ختم کرنے میں ناکام رہا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’اب وقت آ گیا ہے، اور یہ اب ہو کر رہے گا۔‘

واضح رہے کہ گرین لینڈ ڈنمارک کا ایک خودمختار علاقہ ہے۔ ٹرمپ اس سے قبل بھی بارہا کہہ چکے ہیں کہ وہ گرین لینڈ کی ملکیت کے سوا کسی سمجھوتے پر راضی نہیں ہوں گے۔ 

دوسری جانب ڈنمارک اور گرین لینڈ کی قیادت نے واضح طور پر کہا کہ گرین لینڈ فروخت کے لیے نہیں اور نہ ہی وہ امریکا کا حصہ بننا چاہتا ہے۔

ادھر ٹرمپ نے امریکا کی گرین لینڈ پر قبضے کی حمایت نہ کرنے پر یورپی اتحادیوں کو اضافی ٹیرف  کی دھمکی دی ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ چین اور روس کی بڑھتی ہوئی موجودگی کے باعث گرین لینڈ امریکا کی سلامتی کے لیے انتہائی اہم ہے جبکہ یورپی حکام کا کہنا ہے کہ گرین لینڈ پہلے ہی نیٹو کے اجتماعی دفاعی معاہدے کے تحت محفوظ ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید