بھارتی ریاست تمل ناڈو کی پولیس نے لائف انشورنس کارپوریشن (ایل آئی سی) کے دفتر میں گزشتہ ماہ آتشزدگی اور خاتون کی ہلاکت کے واقعے کو حادثہ نہیں بلکہ ایک منظم قتل قرار دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطاق پولیس کا کہنا ہے کہ 54 سالہ سینئر افسر کلیانی نامبی کو اِن کے ہی ایک ساتھی افسر نے پیٹرول چھڑک کر زندہ جلایا تھا۔
پولیس نے اس معاملے میں اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹو آفیسر کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم نے کلیانی نامبی کے کیبن میں پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی تھی تاکہ بیمہ کلیمز میں سامنے آنے والی مبینہ بے ضابطگیوں کو بے نقاب کرنے پر اِنہیں خاموش کروایا جا سکے۔
واقعے کے وقت کلیانی نامبی کا کیبن باہر سے زنجیر لگا کر بند کر دیا گیا تھا جس نے حادثے کے بجائے منظم قتل کے منصوبے سے متعلق پیدا ہونے والے شکوک و شبہات کو مزید مضبوط کیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے بیٹے نے پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں بتایا کہ اِن کی والدہ نے آگ لگنے سے چند منٹ قبل فون کر کے پریشانی کا اظہار کیا اور پولیس کو اطلاع دینے کو کہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کلیانی نامبی نے حال ہی میں بیمہ کلیمز کے دستاویزات میں بےضابطگیوں کی نشاندہی کی تھی اور ملزم کے خلاف کارروائی کی وارننگ دی تھی جو قتل کی ممکنہ وجہ بنی۔
پولیس کے مطابق ملزم کے بیانات میں تضاد اور اس کے معمولی جھلسنے نے بھی تفتیش میں مدد کی۔