• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجھے یورپ سے پیار ہے مگر وہ سیدھے راستے پر نہیں چل رہا، ٹرمپ

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا پوری دنیا کا معاشی انجن ہے، مجھے یورپ سے پیار ہے مگر وہ سیدھے راستے پر نہیں چل رہا۔

عالمی اقتصادی فورم سے خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ یورپ میں کچھ جگہیں اب قابل شناخت نہیں رہیں،  سبز توانائی پر توجہ، عوامی ہجرت نے یورپ کو نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مہنگائی کو ختم کرنے میں کامیاب رہے، میری صدارت میں امریکی معیشت ترقی کررہی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا نے تاریخ میں اتنی معاشی ترقی نہیں دیکھی جتنی اب ہو رہی ہے، امریکا پوری دنیا کا معاشی انجن ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم وینزویلا کی مدد کر رہے ہیں، اب وہ بہت شاندار جا رہا ہے، مستقبل میں زیادہ کمائی کرے گا کیونکہ ہر بڑی آئل کمپنی امریکا کے ساتھ وہاں جارہی ہے۔

امریکا ترقی کرتا ہے تو دنیا ترقی کرتی ہے

امریکی صدر نے کہا کہ یورپی ملک اصلاحات پر توجہ دیں، امریکا ترقی کرتا ہے تو دنیا ترقی کرتی ہے، میرے دور میں امریکی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بائیں بازو والوں کی وجہ سے یورپی توانائی تباہ کُن سطح پر پہنچ چکی ہے، امریکا میں مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے، ٹیرف کی پالیسی نے امریکا کو ترقی کی جانب گامزن کیا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن اور تجارتی پالیسیوں نے یورپ کو متاثر کیا۔

امریکا سے بہتر گرین لینڈ کی کوئی حفاظت نہیں کرسکتا

انہوں نے کہا کہ امریکا سے بہتر گرین لینڈ کی کوئی حفاظت نہیں کرسکتا، میں وہاں گولڈن ڈوم بنانا چاہتا ہوں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد گرین لینڈ خالی کرنا بے وقوفی تھی، اسے واپس ہی نہیں کرنا چاہیے تھا، نیٹو میں شامل ممالک کو اپنا دفاع مضبوط بنانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ گرین لینڈ پر قبضے کے لیے طاقت استعمال نہیں کرنا چاہتا، 200 سال سے اسے خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ خطہ امریکی سیکیورٹی کےلیے ضروری ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ نیٹو میں امریکا کے سوا کوئی ملک گرین لینڈ کا دفاع نہیں کرسکتا، نیٹو کےلیے جو کچھ کیا اس کے بدلے گرین لینڈ مانگنا معمولی بات ہے۔

کئی سال یورپ کی مدد کی، بدلے میں کچھ نہیں ملا

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے کئی سالوں تک یورپ کی مدد کی،بدلے میں کچھ نہیں ملا، گرین لینڈ کا دفاع لیز پر نہیں کرسکتے، پوری ملکیت چاہتے ہیں، گرین لینڈ کے معاملے پر نیٹو کے پاس دو آپشن ہیں ہاں یا ناں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ نیٹو کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ وہ ہمارے ساتھ نہیں ،اگر یورپ ہمیں ناں کہہ دے گا تو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

اُن کا کہنا تھاکہ ہم گرین لینڈ میں ہوںگے تونیٹو ممالک کی 100 فیصد حفاظت کرسکیں گے،کینیڈین وزیراعظم نے اپنے خطاب میں شکرگذاری نہیں دکھائی۔

آئس لینڈ کے لوگ مجھے بہت پسند کرتے ہیں

امریکی صدر نے کہا کہ 8 جنگیں رکوائیں، پاک بھارت جنگ بھی رکوائی، آئس لینڈ کے لوگ مجھے بہت پسند کرتے ہیں۔

دوران تقریر امریکی صدر نے فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاویل کو ہٹانے کا اشارہ دیا اور کہا کہ موجودہ چیئرمین بے وقوف ہے بہت جلد ہی نیا چیئرمین لاؤں گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یوکرین اور روسی صدر ڈیل کرنا چاہتے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید